مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ معروف بھارتی کاروباری گروپ ٹاٹا ٹرسٹ کے چیئرمین رتن ٹاٹا کی آخری رسومات ممبئی میں ادا کر دی گئیں۔ آخری رسومات کی ادائیگی کے موقع پر مرکزی اور صوبائی حکومت کے اعلی عہدیدار اور سیاسی رہنما بھی موجود تھے۔
رتن ٹاٹا کی موت کے بعد گروپ نے ان کے سوتیلے بھائی نوئل ٹاٹا کو ٹرسٹ کا نیا چئرمین منتخب کرلیا ہے۔ نوئل ٹاٹا پہلے ہی ٹاٹا ٹرسٹ سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے ٹاٹا ٹرسٹ کی سرگرمیوں میں بہت فعال کردار ادا کیا ہے۔ اس وقت وہ سر رتن ٹاٹا ٹرسٹ اور سر دورابجی ٹاٹا ٹرسٹ کے ٹرسٹی ہیں جو ٹاٹا ٹرسٹ کے تحت آتا ہے۔
یاد رہے کہ آنجہانی رتن ٹاٹا1991 سے 2012 تک ٹاٹا گروپ کے چیئرمین رہے۔ اس کے بعد 2016-17 تک ایک مرتبہ پھر انہوں نے گروپ کی قیادت کی اور بعد میں وہ گروپ کے اعزازی چیئرمین کے طور پر اپنے فرائض انجام دیتے رہے۔