مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ صہیونی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ لبنان پر ممکنہ زمینی حملے کی تیاری کر رہی ہے جب کہ صہیونی ذرائع ابلاغ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ لبنان پر زمینی حملے شروع کرنے کا مطلب ہے کہ وہ حزب اللہ کے تیار کردہ " پھندے" میں پھنس جائے گی۔
صہیونی اخبار "یدیعوت احرونوت" نے لبنان پر زمینی حملے کی صورت میں اسرائیلی فوج کے ممکنہ انجام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ حملہ "موت کے پھندے" میں جانے کے مترادف ہوگا جو حزب اللہ نے ان کے لیے تیار کیا ہے۔
یہ رپورٹ اس وقت شائع ہوئی جب اسرائیلی فوج نے لبنان پر زمینی حملے کے لیے اپنی تیاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دو ریزرو ڈویژنوں کو شمالی محاذ پر "آپریشنل ڈیوٹی" کی انجام دہی کے لئے تعینات گیا ہے۔
تاہم ریزرو فورسز کی شمالی سرحدوں میں تعییناتی کے باوجود لبنان پر زمینی حملے کے لیے ابھی تک کوئی فوری آمادگی نہیں ہے۔
صیہونی حکومت نے گذشتہ سوموار سے لبنان پر اپنے شدید ترین حملے کا آغاز کیا ہے۔ جواب میں حزب اللہ بھی اپنی فوجی طاقت اور گوریلا جنگ کے ذریعے صیہونی فوج کو بھاری شکست سے دوچار کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ لبنان پر زمینی حملے کی صورت میں صیہونیوں کو اس بار بھی سخت مزاحمت اور رسواکن شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔