ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دفاع مقدس نے ثابت کیا کہ ملک، علاقائی سالمیت اور ملکی سلامتی کو تحفظ فراہم کرنے کا راستہ مزاحمت اور قومی وحدت ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ہفتہ دفاع مقدس ایک ایسی جارح حکومت کے خلاف آٹھ سالہ دفاع کی یاد دہانی ہے جس کی پشت پناہی وہی حکومتیں کر رہی تھیں جو آج نہتے فلسطینی عوام کے خلاف دہشت گرد صیہونی رجیم کی حمایت کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ایران اور عراق کی دو عظیم اور مہذب  قوموں کے درمیان دوستی، ہمسائیگی اور اسلامی بھائی چارہ تعلقات کا ایک بہترین نمونہ بن گیا ہے جو خطے کے ممالک کے درمیان امن و آشتی اور ترقی کے لئے تعاون کو مضبوط بنانے کی بنیاد بن سکتا ہے۔ 

ایران میں ہفتہ دفاع مقدس آج سے شروع ہو رہا ہے جو ہر سال ملک بھر میں 1980-88 میں اسلامی جمہوریہ ایران پر عراق کی مسلط کردہ جنگ کے شہیدوں اور جنگی غازیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔