ایرانی وزیر خارجہ عباس نے تہران میں بیروت کے لئے ملک کے سفیر مجتبیٰ امانی کی عیادت کی جو لبنان میں صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہو گئے تھے۔

مہر نیوز کے مطابق  ایرانی وزیر خارجہ نے لبنان دہشت گردی واقعے میں زخمی ایرانی سفیر کے معالج حسن قاضی زادہ ہاشمی سے ان کی تازہ ترین صورت حال معلوم کی۔

لبنان میں ایران کے سفیر نے وزارت خارجہ، وزارت صحت اور ہلال احمر سوسائٹی کی جانب سے زخمیوں کی بڑی تعداد کو ایرانی اسپتالوں میں منتقل کرنے کے فوری اقدام کا شکریہ ادا کیا اور وزیر خارجہ کو لبنان میں اسرائیلی دہشت گردانہ حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

سفیر کے علاج کے عمل کے بارے میں بتاتے ہوئے، ڈاکٹر قاضی زادہ ہاشمی نے کہا کہ سفیر جلد اپنے مشن پر واپس آجائیں گے۔

قبل ازیں، وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایرانی سفیر کی اہلیہ کے ساتھ ایک ٹیلی فونک گفتگو میں، بیروت میں اسرائیلی دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہونے والے مجتبیٰ امانی کے علاج کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کی تھیں۔

یاد رہے کہ منگل کی شام صیہونی حکومت کے سائبر حملے میں لبنان کے متعدد علاقوں میں پیجرز پھٹ گئے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور 2000 سے زائد زخمی ہوئے۔

ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بیروت میں پیجر دھماکوں کے زخمیوں میں سے ایک تھے۔