یمن کی انصار اللہ کے سربراہ نے پیغمبر اکرم (ص) کے یوم ولادت کے موقع پر ایک تقریر میں تل ابیب پر یمن کے میزائل آپریشن کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: آج کا آپریشن ہائی ٹیک میزائل سے کیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المسیرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ "عبدالملک بدرالدین الحوثی" نے پیغمبر اکرم (ص) کی ولادت با سعادت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے موقع پر آپ (عوام) زمین پر سب سے عظیم الہی انسان کے لئے جشن کا اہتمام کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو خدا پر توکل کرتے ہوئے چیلنجوں، خطرات اور دشمنوں کا مقابلہ کرنے میں ثابت قدم رہنا چاہیے اور انہیں اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کے لئے استقامت، سنجیدگی اور  تندہی سے کام لینا چاہیے اور ہم ظلم اور استکبار کے مقابلے میں اپنی قوم کی استقامت کے اصولی موقف پر زور دیتے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ آج کا آپریشن اعلیٰ ٹیکنالوجی سے لیس میزائل سے کیا گیا جو دشمن کے دفاعی نظام کو ناکام بناتے ہوئے 2040 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے میں کامیاب رہا۔ یہ آپریشن سخت اقدامات کے پانچویں مرحلے کے مطابق کیا گیا۔ 

عبد المالک الحوثی نے کہا کہ ہماری کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک غزہ کے خلاف جنگ اور محاصرہ جاری رہے گا اور جب تک فلسطین کو غاصبوں کے قبضے سے پاک نہیں کر دیا جاتا تب تک ہم اپنے موقف پر ثابت قدم رہیں گے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ مزاحمتی محور کے ساتھ ہم آہنگی جاری رکھیں گے اور خدا کے حکم سے مستقبل میں بڑے واقعات رونما ہوں گے۔ 

الحوثی نے کہا کہ ہماری افواج اسرائیلی، امریکی اور برطانوی دشمنوں سے منسلک بحری جہازوں کے خلاف سمندر میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔" یہ آپریشن کامیاب اور کافی موثر رہا ہے۔ 

یمن کی انصاراللہ کے سربراہ نے  فلسطینی قوم کے بارے امت اسلامیہ کی ذمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا: ہم فلسطینی قوم کی مدد کے لیے امت اسلامیہ کو ان کی دینی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتے ہیں۔