عراقی وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ ان کا ملک اگلے سال بغداد میں عرب سربراہی اجلاس کی میزبانی کی تیاری کر رہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے واع نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ عراقی وزیر خارجہ فواد حسین نے کہا ہے کہ عرب سربراہان مملکت کا اجلاس مئی 2025 میں بغداد کی میزبانی میں منعقد ہوگا۔
انہوں نے کہا: عراق اس اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں عرب لیگ سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے۔

عراقی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین کا معاملہ عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کی کونسل کی میز پر واحد مقدمہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین کو عرب ممالک، خطے، دنیا اور عراقی حکومت اور قوم کی مسلسل حمایت حاصل ہے۔

عراقی وزیر خارجہ نے فلسطینیوں کی امداد کے حوالے سے اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں (UNRWA) کے ساتھ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے عراق کی جانب سے انروا کے لیے وسیع مالی امداد کے جاری رہنے پر زور دیا۔