لبنان کے وزیراعظم نے لبنانی شہریوں پر صیہونی حکومت کے حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے النشرہ نیوز چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے کہا  ہے کہ سلامتی کونسل لبنانی شہریوں پر اسرائیلی حملوں پر زیادہ موثر اور فعال رد عمل کا اظہار کرے۔

انہوں نے مزید کہا: سلامتی کونسل کو بے گناہ شہریوں اور شہری دفاع کے اہلکاروں کی حمایت کرنے کے مقصد سے فوری اور سخت رد عمل کا اظہار کرنا چاہیے جو شہریوں کے درد اور تکلیف کو کم کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

میقاتی نے تاکید کی: ہم لبنانی شہریوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور لبنانی قوم اور اس کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر سلامتی کونسل سے کہا کہ وہ لبنانی شہریوں پر حملے کے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرا کر بین الاقوامی قانون کے تحفظ کے سلسلے میں اپنی ذمہ داری پوری کرے۔

میقاتی نے خطے میں مستقل امن اور تعمیری استحکام کے حصول کے لیے بین الاقوامی تعاون اور حمایت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔