مہر خبررساں ایجنسی نے جیو نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ خبر زیر گردش ہے کہ پاکستان میں سمندر سے تیل اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہوا ہے، دریافت ہونے والے ذخیرے کے بارے میں کہا جا رہا ہے ہے کہ دنیا کا چوتھا بڑا تیل اور گیس کا ذخیرہ ہے جو تین سال کے سروے کے بعد سامنے آیا۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کیلئے جیولوجیکل سروے کیا گیا، سروے کے دوران سمندر سے لیے گئے ڈیٹا کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق گیس اور تیل کے بھاری ذخائر کی دریافت سے متعلق کہنا قبل از وقت ہے، یہ گیس اور تیل کی موجودگی سے متعلق اندازہ یا تخمینہ ہو سکتا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈی جی پیٹرولیم کنسیشنز آفس اگلے سال پہلی سہ ماہی میں بڈنگ کرائے گا، کامیاب بولی دہند گان کو آف شور بلاکس ایوارڈ ہوں گے، ایکسپلوریشن کا عمل شروع ہونے بعد تیل و گیس کی دریافت کا معلوم ہو سکے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان میں پہلے بھی متعدد بار سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کی گئی، ماضی میں سمندر میں ہونے والی تیل اور گیس کی تلاش کیلئے سرگرمیاں بھی تخمینوں کی بنیاد پر تھیں، جب تک گیس یا تیل دریافت نہ ہو جائے ذخیرے کا حجم نہیں بتایا جا سکتا۔