حریدی" یہودیوں نے تل ابیب میں فوجی خدمات سے انکار کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کے دوران صیہونی فوجی اڈے پر حملہ کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس وقت صیہونی فوج کو فورسز کی کمی کا سامنا ہے، ایسے میں "حریدی" کے نام سے مشہور بنیاد پرست یہودی اس رجیم کی فوج میں لازمی خدمات سے مستثنیٰ ہونا چاہتے ہیں۔

اس سلسلے میں حریدی کے درجنوں افراد نے تل ابیب میں ایک مظاہرہ کر کے صہیونی فوج میں لازمی فوجی خدمات سے مستثنیٰ ہونے کا مطالبہ کیا۔

ان صیہونیوں نے تل ابیب میں واقع صیہونی فوجی اڈے "تل ہاشومیر" کے گرد مظاہرے کیے جو صیہونی حکومت کی فوج میں بھرتی کا مرکز ہے اور اس فوجی اڈے پر حملہ کیا۔

صیہونی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے حریدیوں کو منتشر کرنے کے لیے تشدد کا سہارا لیا ہے۔

ایک طرف صیہونی فوج میں فوجی خدمات سے فرار کے لیے حریدی مظاہرے جاری ہیں جب کہ دوسری طرف صیہونی آبادکاروں کی بڑی تعداد نے اسرائیلی کابینہ کی طرف سے فلسطینی مزاحمت کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے کے خلاف احتجاج کیا۔