مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، او آئی سی وزرائے خارجہ کی کونسل کا اجلاس کیمرون کے دارالحکومت یاوندے میں منعقد ہوا جس میں ایرانی وزارت خارجہ کے بین الاقوامی امن اور سیکورٹی کے ڈائریکٹر جنرل اسداللہ اشراق جہرمی نے شرکت کی۔
کونسل کے پچاسویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی نمائندے نے کہا کہ صہیونی حکومت گذشتہ گیارہ مہینوں سے غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ صہیونی حکومت کے مظالم دہشت گردی اور نسل کشی ہے جس کی شدید مذمت کی جانی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ حماس کے سابق اعلی رہنما شہید اسماعیل ہنیہ پر صہیونی حکومت کا حملہ دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ صہیونی حکومت خطے میں قیام امن اور استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
جہرمی نے مزید کہا کہ مغربی ایشیا میں عدم استحکام پھیلانے کی سازشوں کے بارے میں محتاط ہونے کی شدید ضرورت ہے۔ عالمی برادری صہیونی حکومت کو دہشت گردی سے روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔