عراقی وزیر اعظم نے اربعین حسینی کے زائرین کی مکمل حفاظت پر زور دیتے ہوئے پیش گوئی کی کہ اس سال زائرین کی تعداد 23 ملین تک پہنچ جائے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المعلومہ نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف نے وزارت داخلہ کے آپریشن روم کے دورے کے دوران خصوصی سیکورٹی پلان پر بریفنگ لی۔

دونوں اعلی حکام نے عراقی سیکورٹی فورسز کے کمانڈروں کے ساتھ ملاقات کے دوران اربعین کے موقع پر زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ان فورسز کی کوششوں کو سراہا اور پیش گوئی کی کہ امسال زائرین کی تعداد 23 ملین تک پہنچ جائے گی۔

السودانی نے بتایا کہ روزانہ 140,000 سے زائد زائرین عراقی سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے ملک میں داخل ہوتے ہیں۔

انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ زائرین کی نقل و حرکت میں کسی قسم کی الجھن اور بدنظمی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے عراقی سکیورٹی اداروں سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں خاص طور پر زائرین کے راستوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے سکیورٹی فورسز کو زائرین کے تمام مقامات اور راستوں پر تعینات کیا جانا چاہیے۔