مہر خبررساں ایجنسی، دینی ڈیسک؛ اربعین حسینی کے موقع پر ہر سال لاکھوں زائرین دنیا کے مختلف ممالک سے کربلائے معلی کا سفر کرکے شہداء کربلا کی زیارت سے مشرف ہوتے ہیں۔ گرمیوں کے موسم میں کربلا پیدل جاتے ہوئے کچھ طبی نکات کی رعایت ضروری ہے تاکہ سفر کے دوران صحت برقرار رکھ سکیں۔
اگرچہ پورے سفر کے دوران زائرین کی پذیرائی کے لئے موکب لگائے گئے ہیں اور ہر جگہ کھانے پینے کی اشیاء مہیا کی جاتی ہیں تاہم ہر چیز کو کھانے اور پینے سے پرہیز کرنا چاہئے۔
گرم آب و ہوا کی وجہ سے زائرین کو انفیکشن ہوسکتا ہے۔ ان حالات میں زائرین مخصوصا بچوں اور بزرگوں کو حفظان صحت کے اصولوں کی رعایت اور کھانے پینے میں نظم و ضبط پیدا کرنا چاہئے۔
اربعین کے دوران گرم موسم میں پیدل لمبا سفر طے کرنا پڑتا ہے لہذا ضعیف العمر زائرین کو ڈاکٹر سے مشورہ کرکے ضروری ہدایات حاصل کرنا چاہئے۔
مسلسل پیدل چلنا بزرگوں اور بچوں کے لئے تکلیف دہ ہونے کے ساتھ ان کی صحت کے نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے لہذا وقتا فوقتا استراحت کرنا چاہئے۔
عام طور پر بزرگ اور ضعیف العمر افراد دوائیاں استعمال کرتے ہیں لہذا اپنی روزانہ کی دوائی وافر مقدار میں ساتھ رکھنا چاہئے تاکہ سفر کے دوران دوائی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
گرم اور خشک موسم میں بدن سے پسینہ زیادہ نکلتا ہے اور بدن میں نمکیات کی کمی پیش آسکتی ہے لہذا پینے کے پانی کا بوتل اپنے ہمراہ رکھیں اور حسب ضرورت پانی پئیں۔
بچوں اور ضعیف العمر افراد کو بھیڑ اور ہجوم میں جانے سے گریز کرنا چاہئے تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور سانس کی بیماریوں سے محفوظ رہیں۔
دوائی استعمال کرنے والے زائرین اپنے ہمراہ میڈیکل ہسٹری ضرور رکھیں تاکہ راستے میں ضرورت پڑنے پر موقع پر موجود ڈاکٹر کو دکھاسکیں۔