مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان اور عراق نے ہوائی سفر کے ذریعے عراق جانیوالے پاکستانی زائرین سے داخلے پر پاسپورٹ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ بذریعہ ہوائی جہاز عراق جانے والے پاکستانی زائرین سے داخلے پر پاسپورٹ نہیں لئے جائیں گے اور اربعین کے موقع پر ٹریول ایجنٹوں کی بجائے عراقی سفارتخانہ خود زائرین کو ویزے جاری کرے گاجبکہ اربعین کے موقع پر پاکستانی زائرین کے کوٹے میں اضافہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ کی درخواست پر زائرین کے لئے رواں سال گزشتہ سال سے زیادہ ویزے جاری کئے جائیں گے۔