رہبر معظم انقلاب نے کہا کہ اربعین کے زائرین کی اتنی بڑی تعداد کی عراقی عوام کی جانب سے کریمانہ مہمان نوازی اور اسی طرح اس عظیم پروگرام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے عراقی حکومت اور عہدیداروں کے اقدامات، بہت اہم اور حیرت انگیز کام ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے منگل 30 جولائي 2024 کی شام کو عراق کے وزیر اعظم جناب محمد شیاع السودانی اور ان کے ہمراہ آئے وفد سے ملاقات میں کروڑوں لوگوں کی شرکت سے اربعین مارچ کے پسندیدہ اور پرشکوہ انعقاد کی راہ ہموار کرنے کے لیے عراقی عوام اور حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں اور اٹھائي جانے والی زحمتوں کو سراہا۔

انھوں نے اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کے درمیان طے پانے والے امور پر کام کرنے اور انھیں منزل تک پہنچانے کو نئے مرحلے میں دونوں ملکوں کے تعلقات کی ترجیحات میں سے ایک بتایا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کروڑوں لوگوں کی شرکت سے اربعین حسینی کی پرشکوہ اور پرامن پیدل زیارت کی تیاری کے لیے انجام پانے والے کاموں کی عراقی وزیر اعظم کی رپورٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اربعین کے زائرین کی اتنی بڑی تعداد کی عراقی عوام کی جانب سے کریمانہ مہمان نوازی اور اسی طرح اس عظیم پروگرام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے عراقی حکومت اور عہدیداروں کے اقدامات، بہت اہم اور حیرت انگیز کام ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے شہید رئیسی کے دور حکومت میں ایران اور عراق کے درمیان ہونے والے سمجھوتوں اور اتفاق رائے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نئے مرحلے میں ان پر کام کرنے اور انھیں عملی جامہ پہنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ فریقین کی جانب سے سمجھوتوں کو عملی جامہ پہنانے کی رفتار میں تیزی آنی چاہیے۔

انھوں نے عراق کے مسائل کو حل کرنے میں جناب شیاع السودانی کی حکومت کے اقدامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عراق کی سیاسی جماعتوں اور دھڑوں کے درمیان ہماہنگي اور تعاون پر اطمینان ظاہر کیا اور اس تعاون کے جاری رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس ملاقات میں، جس میں نائب صدر جناب عارف بھی موجود تھے، عراق کے وزیر اعظم جناب محمد شیاع السودانی نے ایران میں صدارتی الیکشن کے کامیاب انعقاد اور ڈاکٹر پزشکیان کے منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایران اور عراق کے درمیان ہونے والے سمجھوتے نئے مرحلے میں جامۂ عمل پہنیں گے۔

انھوں نے غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم پر اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت نے تمام عالمی اور انسانی ریڈ لائنز کو کراس کر دیا ہے اور ان جرائم کے سلسلے میں عراق کا سرکاری اور عوامی موقف اٹل ہے اور عراقی حکومت ان ملکوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے جن کا موقف مشترک ہے۔

جناب شیاع السودانی نے اس ملاقات میں اربعین مارچ کو پوری حفاظت کے ساتھ پرشکوہ طریقے سے منعقد کرنے کی عراقی حکومت کی تیاریوں کے بارے میں بھی ایک رپورٹ پیش کی اور کہا کہ یہ عظیم مارچ، صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف موقف اختیار کرنے اور مسلمانوں خاص طور پر جوانوں کو ظالموں کے مقابلے میں امام حسین علیہ السلام کے قیام کی بنیادوں اور تعلیمات سے آگاہ کرنے کا ایک زبردست موقع ہے۔