اجراء کی تاریخ: 29 جولائی 2024 - 10:31

نکولس مدورو نے صدارتی انتخابات میں 51 فیصد ووٹ حاصل کرکے تیسری بار وینزویلا کے صدر بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ وینزویلا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں صدر نیکولس مدورو نے اکثریت کے ساتھ انتخابی مقابلہ جیت لیا ہے۔ 

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نکولس مدورو نے 51 فیصد ووٹ حاصل کئے۔

الیکشن کمیشن کے سربراہ خورخہ روڈریگز نے کہا کہ وینزویلا کے عوام نے بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد کو ووٹ دیا اور صدر مدورو اگلے چھے سالوں کے لئے دوبارہ ملک کے صدر منتخب ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام کی شرکت کی شرح 59 فیصد رہی۔

یاد رہے کہ اتوار کے دن ہونے والے صدارتی انتخابات میں مجموعی طور پر دس امیدوار میدان میں تھے تاہم اصل مقابلہ مغرب نواز اور انتہاپسند جماعتوں کے نمائندے ایڈموندو گونزالیز اور صدر مدورو کے درمیان تھا۔

الیکشن کمیشن کے بیان کے بعد عوام نے صدر مدورو کی جیت کا جشن منانا شروع کیا اور سڑکوں پر نکل کر ریلیان نکالیں۔

اس موقع پر صدر مدورو نے کہا کہ ہوگو شاویز یہ آپ کی کامیابی ہے۔ یہ صلح، امن اور جمہوریت کی کامیابی ہے۔ ہمیں آئین اور وینزویلا کے عوام کی آراء کا احترام کرنا چاہئے۔