چودہویں حکومت کے سربراہ ڈاکٹر پزشکیان کی تقریب حلف برداری کل سہ پہر ہوگی جس میں 70 سے زائد ممالک کے وفود اور 600 سے زائد ملکی اور غیر ملکی صحافی شرکت کریں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، رہبر معظم کی جانب سے ڈاکٹر پزشکیان کے بحیثیت صدر انتخاب کی باقاعدہ توثیق کے بعد منگل کے دن سہ پہر چار بجے پارلیمنٹ میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی جس میں مختلف کے 70 سے زیادہ وفود شرکت کریں۔

صدر پزشکیان کی تقریب حلف برداری کو ملکی اور بین الاقوامی میڈیا پر وسیع پیمانے پر کوریج دی جائے گی۔ اس سلسلے میں 600 سے زائد ملکی و غیر ملکی صحافی اپنی خدمات انجام دیں گے۔

ایرانی آئین کے مطابق رہبر معظم کی جانب سے توثیق کے بعد پارلیمنٹ میں کلام الہی کے سامنے نو منتخب صدر حلف اٹھائیں گے اس موقع پر عوامی نمائندے، شورائے نگہبان کے اراکین اور عدلیہ کے سربراہ بھی موجود ہوں گے۔

پارلیمنٹ کے اسپیکر کے خصوصی حکم پر حلف برداری کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں حلف برادری کے حوالے سے خصوصی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزارت خارجہ، وزارت مواصلات، وزارت داخلہ، سیکورٹی اداروں، مسلح افواج اور دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل چوکس کردیا گیا ہے۔

صدر پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں مختلف ممالک کے سربراہان مملکت اور دیگر اعلی حکام شرکت کررہے ہیں۔

تاجکستان، ترکمانستان، مرکزی افریقہ، پاکستان، شام، سربیا، کیوبا، آذربائیجان، آرمینیا، جارجیا اور گینے بساؤ کے صدور اور وزرائے اعظم شرکت کریں گے۔

متحدہ عرب امارات، لبنان، اردن، میانمار، زمبابوے، کرغیزستان، برازیل، مالدیپ اور گبون کے نائب صدور اور نائب وزرائے اعظم شریک ہوں گے۔

تنزانیہ، نائیجر، وینزویلا، بحرین، یمن، لیبیا، مصر، سوڈان، بولیویا، کویت، ماریطانیہ، کانگو، گیمبیا اور اریٹریا کے وزرائے خارجہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ جبکہ بھارت، نکاراگوئے، گھانا، بلغاریہ، آئس لینڈ، تیونس، ہنگری، کولمبیا، اکواڈور، میکسیکو، چلی، یوروگوائے، مالٹا اور سیرالیون کے وزراء اور سفراء سطح کے وفود شریک ہوں گے۔

حلف برداری کی تقریب میں علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے جن میں شنگھائی تعاون کونسل، IRORA, PUIC, D8, APA, OIC وغیرہ شامل ہیں۔