فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے ایک رکن نے غزہ میں جنگ بندی منصوبے سے متعلق مزاحمت کے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطین الیوم ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن عزت الرشق نے تاکید کی ہے کہ اس تحریک اور دیگر مزاحمتی گروہوں کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی تجویز پر سنجیدہ اور مثبت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔


عزت الرشق نے کہا کہ مزاحمت کا ردعمل قوم اور مزاحمت کے تقاضوں کے عین مطابق ہے جو معاہدے تک پہنچنے کی راہ ہموار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس کے ردعمل کے خلاف عبرانی میڈیا کی اشتعال انگیزی اس بات کی علامت ہے کہ قابض رجیم کی جانب سے معاہدے کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی پوری کوشش کی گئی ہے۔