مہر نیوز کے مطابق، ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے استنبول میں منعقدہ D-8 وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر انڈونیشیا کی وزیر خارجہ ریٹنو مرسودی سے ملاقات کی جس میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہید صدر رئیسی کے منصوبوں میں ایشیا کے اہم ممالک میں سے ایک کے طور پر انڈونیشیا سمیت اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کی ترقی اور توسیع پر توجہ مرکوز کرنا تھا۔
باقری نے مزید کہا کہ صدر رئیسی کے دورہ جکارتہ کے نتیجے میں اچھے معاہدوں اور منصوبوں پر دستخط ہوئے۔
انہوں نے شہید صدر کے دورہ جکارتہ کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے بروقت اور پیشگی منصوبہ بندی کے تحت مشترکہ اقتصادی کمیشن اور سیاسی اور انسانی حقوق کمیٹیوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے فلسطینی عوام کی حمایت کو مسلم ممالک کا انسانی اور اسلامی فریضہ قرار دیتے ہوئے کہا: ہم سب کو چاہیے کہ صہیونیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے میں فلسطینی عوام کی مدد کریں اور سیاسی، قانونی اور میڈیا کے ذریعے فلسطینی عوام کی حمایت میں فعال اور موثر کردار ادا کریں۔
اس ملاقات میں انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے شہید رئیسی کے دورے کے دوران کیے گئے معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنے ملک کی حکومت کی کوششوں پر زور دیتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر تہران اور جکارتہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے آمادگی کا اعلان کیا۔
انہوں نے غزہ کے نہتے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: انڈونیشیا فلسطینی عوام کے مکمل اور جائز حقوق کی حمایت کے لیے اپنی توانائیوں کو بروئے کار لائے گا۔