مہر خبررساں ایجنسی نے شہاب نیوز ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ صیہونی حکومت کے اپوزیشن لیڈر یائر لاپیڈ نے فلسطین کے مقبوضہ شمالی علاقوں پر حزب اللہ کے حملوں پر واویلا مچایا۔
انہوں نے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں کے دورے کے دوران کہا: جو چیز جل رہی ہے وہ صرف شمال ہی نہیں بلکہ اسرائیل کی ڈیٹرنس ہے۔
یائر لاپیڈ نے ایک بار پھر نیتن یاہو کی کابینہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا: اسرائیل کی کابینہ لاپرواہ ہو چکی ہے اور اسے تبدیل ہونا چاہیے۔
گزشتہ روز صیہونی اپوزیشن کے رہنما یائر لاپد نے ایکس اکاونٹ پر نیتن یاہو کابینہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا: شمال ہماری ڈیٹرنس فورس کے ساتھ آگ میں جل رہا ہے اور یہ ایک حکمت عملی کے بغیر کابینہ ہے۔ جس کے پاس شمال کے آبادکاروں کو دوبارہ آباد کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور یہ مکمل افراتفری اور الجھن میں گھری کابینہ ہے۔
واضح رہے کہ لبنان کی حزب اللہ کے راکٹ حملوں کے بعد آگ نے مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ صیہونی حکومت کے فائر بریگیڈ کے دستے گھنٹوں بعد تک آگ پر قابو پانے میں ناکام رہے۔
صہیونی ذرائع نے اعتراف کیا کہ آگ نے وسیع پیمانے پر ایک بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے جس پر قابو پانے کے دوران چھ صہیونی زخمی ہوئے ہیں۔