غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس پٹی میں صیہونی فوج کے جرائم میں 400 سے زائد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی شہاب نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں صیہونی حکومت کی مسلسل جارحیت کے 237ویں روز میں 53 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

رپورٹ میں اس بات پر تاکید کی گئی ہے کہ صیہونی رجیم نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں 5 مختلف جرائم کا ارتکاب کیا جن کے نتیجے میں 53 فلسطینیوں کی شہادت کے علاوہ 357 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

فلسطین کی وزارت صحت نے تاکید کی ہے کہ اس طرح شہداء کی تعداد 36,224 تک پہنچ گئی ہے اور گزشتہ سال 7 اکتوبر سے اب تک 81,777 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

اس بیان میں تمام بین الاقوامی اداروں اور متعلقہ فریقوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غزہ کی کراسنگ کو دوبارہ کھولنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں اور مقبوضہ علاقوں سے  بیماروں اور زخمیوں کے علاج کی غرض سے باہر جانے کی سہولت فراہم کریں۔