کیوبا نے ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سمیت دیگر حکام کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت کے بعد ایرانی عوام سے ہمدردی کے اظہار کے طور پر ایک روزہ عمومی سوگ کا اعلان کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے آذررتاج کے حوالے سے خبر دی ہے کہ کیوبا نے ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سمیت دیگر حکام کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت کے بعد ایران کی قوم اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں ایک روزہ عمومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

کیوبا کی حکومت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے:  لاطینی امریکی ملک کے عوام اور حکومت دکھ کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ ہیں اور اس اعتماد کا اظہار کرتے ہیں کہ ایران کا اسلامی انقلاب جاری رہے گا۔

بیان کے مطابق، کیوبا میں منگل کی صبح 6 بجے سے بدھ  کی دوپہر تک عمومی سوگ منایا جائے گا اور کیوبا کا پرچم پورے ملک میں سرنگوں رہے گا۔

اسی مناسبت سے، کیوبا کے صدر  میگول ڈیاز کینل برموڈز نے پیر کے روز ایک بیان میں اعلان کیا کہ ان کے ملک کی حکومت اور عوام "ایک عظیم دوست اور قابل قدر سیاست دان کے کھو جانے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہیں جو کیوبا کے عوام سے محبت کرتے تھے۔"