مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، صدر رئیسی کی شہادت کا باقاعدہ اعلان ہونے کے بعد ایرانی تینوں اعلی اداروں کے سربراہان کا اجلاس ہوا جس کی میزبانی صدر کے معاون اول محمد مخبر نے کی۔
اجلاس کے دوران مقننہ کے سربراہ باقر قالیباف اور عدلیہ کے سربراہ محسن اژہ ای نے صدر رئیسی کی شہادت پر رہبر معظم، ایرانی قوم اور صدر کے معاون کو تعزیت پیش کی اور حکومتی امور چلانے میں صدر کے معاون کے ساتھ مکمل تعاون پر آمادگی کا اعلان کیا۔
اس موقع پر محمد مخبر نے کہا کہ شہید صدر رئیسی کسی وقفے کے بغیر عوامی خدمت میں مصروف رہتے تھے۔ ہم رہبر معظم اور ایرانی قوم کو اطمینان دلاتے ہیں کہ عوامی خدمت میں پورے عزم کے ساتھ شہید صدر رئیسی کے نقش قدم پر چلیں گے۔