بحرین کے بادشاہ نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے بین الاقوامی کانفرنس بلانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سے مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ بحرین کے بادشاہ نے اس ملک کے دارالحکومت منامہ میں عرب لیگ کے 33ویں اجلاس کے چیئرمین کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم شاہ سلمان کی عرب لیگ کے گذشتہ سربراہی اجلاس کی صدارت کے دوران کی گئی کوششوں اور اقدامات کو سراہتے ہیں۔ 

حمد بن عیسی آل خلیفہ نے اس اجلاس کی افتتاحی تقریر میں مزید کہا کہ فلسطین کی آزاد ریاست کی تشکیل سے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ہم فلسطینی ریاست کو مکمل تسلیم کرنے اور اقوام متحدہ میں اس کی رکنیت کی منظوری کی حمایت کرتے ہیں۔

آل خلیفہ نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام کی موجودہ صورت حال ایک بین الاقوامی ٹھوس موقف اور اقدام کی متقاضی ہے۔

بحرین کے بادشاہ سے پہلے سعودی ولی عہد نے فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام اور اسے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کرنے کی حمایت کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی کوششوں کے لئے عالمی برادری کی حمایت پر زور دیا۔