مہر خبررساں ایجنسی نے الخلیج آن لائن کے حوالے سے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد اور روزگار کے ادارے (UNRWA) نے صیہونی رجیم کی جانب سے اس علاقے پر حملے کی وارننگ کے باوجود رفح میں سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
یو این ریلیف اینڈ ورک ایجنسی نے خبردار کیا کہ رفح پر اسرائیل کے ممکنہ حملے کے نتیجے میں شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس حملے کے نتیجے میں مزید عام شہری مارے جائیں گے۔
نیز، UNRWA نے خبردار کیا: اسرائیلی حملے کے نتائج رفح میں ایک ملین چار لاکھ افراد کے لئے تباہ کن ہوں گے۔
انسانی ہمدردی کے اس ادارے نے اس بات پر زور دیا کہ وہ رفح میں طویل عرصے تک موجود رہےگا اور لوگوں کی جان بچانے کے لئے مدد فراہم کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے اس ذیلی ادارے کا یہ موقف صیہونی رجیم کی جانب سے رفح پر حملے کی دھمکیوں اور وہاں کے باشندوں کو اس علاقے کو خالی کرنے کے لئے الرٹ جاری کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔