جامعہ المصطفی شعبہ پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں ہونے والے کوئز مقابلے میں مختلف سطوح کے طلباء نے شرکت کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ المصطفی العالمیہ شعبہ پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں یوم معلم کے موقع پر مدارس کے طلباء کے درمیان کوئز مقابلے کا اہتمام کیا گیا۔

شہید مرتضی مطہری کے یوم شہادت کے موقع پر ہونے والے اس کوئز میں پاکستان بھر کے مدارس میں مختلف سطوح کے طلباء نے شرکت کی۔

جامعہ المصطفی شعبہ پاکستان کے شعبہ تعلیم کے سربراہ کے مطابق پاکستان کے پانچ صوبوں میں مقابلے کے 35 مراکز بنائے گئے تھے جہاں مجموعی طور پر 2500 طلباء و طالبات نے کوئز میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مدارس کے سربراہان، اساتذہ اور طلباء نے کوئز کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔ آئندہ سالوں میں اس سے بھی بہتر طریقے سے انعقاد کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

جامعہ المصطفی العالمیہ کی جانب سے پاکستان میں نمائندے حجہ الاسلام دادسرشت نے پاکستان کے طلباء کی علمی صلاحیت اور قابلیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کوئز کمپٹیشن علمی قابلیت کو ارتقا بخشنے کا ایک اہم طریقہ ہے۔

انہوں نے طلباء کے درمیان علمی مسابقے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل قریب میں اسلام آباد میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جائے گی۔