مہر نیوز کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے صوبہ سندھ کے وزیر سیاحت و ثقافت "سید ذوالفقار علی شاہ" نے کراچی میں ایرانی قونصل جنرل "حسن نوریان" کے ساتھ ملاقات میں ایران اور پاکستان کے درمیان ثقافتی تعلقات کی مضبوطی اور فروغ پر زور دیا۔
اس ملاقات میں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات میں تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ثقافتی وفود کے تبادلے اور مشترکہ نمائشوں کے انعقاد جیسے اقدامات کے فریم ورک میں دونوں دوست اور ہمسایہ ممالک کے درمیان تعاون اور ثقافتی روابط کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
صوبہ سندھ کے وزیر سیاحت و ثقافت "سید ذوالفقار علی شاہ نے ایران اور پاکستان کے درمیان موجود تاریخی اور ثقافتی مشترکات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاحت اور ثقافت کے میدان میں تعلقات کی مضبوطی تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی بنیاد فراہم کر سکتی ہے۔
اس ملاقات میں کراچی میں ایرانی کلچر ہاؤس کے سربراہ سعید طالبی نیا اور حیدرآباد میں ایرانی کلچر ہاؤس کے سربراہ رضا پارسا بھی موجود تھے، جس میں ایران اور پاکستان کے درمیان عوامی تعلقات کے فروغ کے مقصد سے مشترکہ ثقافتی پروگرام منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔