مشکوک ایمیل موصول ہونے کے بعد امریکی حکومت نے ایمرجنسی میں متعدد حکومتی عمارتوں کا خالی کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رشیا ٹوڈے کے حوالے سے کہا ہے کہ امریکہ کی کئی ریاستوں میں حکام کو حکومتی عمارتوں میں بم نصب کرنے کی مشکوک ایمیل موصول ہوئی جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر عمارتوں کو فوری طور پر خالی کردیا گیا۔

مشکوک ایمیل اور فون کالز امریکی اعلی حکام اور سیکورٹی افسران کو موصول ہوئی تھیں۔ نامعلوم شخص نے ایمیل میں لکھا تھا کہ کئی عمارتوں میں بم نصب کیا گیا ہے جس کا کھوج لگانا ممکن نہیں۔ یہ عمارتیں چند گھنٹوں کے اندر دھماکے سے تباہ ہوسکتی ہیں۔ اسی سے ملتی جلتی عبارت کے ساتھ کئی ایمیل بیس سے زیادہ حکومتی عمارتوں کے اہلکاروں کو موصول ہوئی۔

ذرائع کے مطابق مشکوک ایمیل موصول ہونے والی ریاستوں میں کنیٹکی، میسیسپی، جارجیا، کنیٹکٹ، مشی گن، مینی سوٹا، الاسکا اور ہوائی وغیرہ ہیں۔

پولیس اور سیکورٹی کے اداروں کی جانب سے عمارتوں کو خالی کرنے کے بعد تلاشی لی گئی تاہم کسی عمارت سے کوئی دھماکہ خیز مواد برامد نہ ہوسکا۔