مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اس اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آنٹونیو گوٹریش نے کہا کہ وہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کےلئے تمام فریقوں اور ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ خالی کرنے کے بارے میں اسرائيل کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈلائن پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس حکومت کا ہر طرح کا اقدام انسانی المیئے پر منتج ہوسکتا ہے۔
گوٹریش نے غزہ پٹی تک انسان دوستی پر مبنی رسائی اور بغیر کسی رکاوٹ کے امداد کی سپلائی کا راستہ ہموار کرنے اور انسانی حقوق کی پابندی پر تاکید کی۔
کہا جا رہا ہے کہ اس اجلاس کے دوران کشیدگی کا دائرہ مغربی کنارے اور لبنان تک پھیلنے کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گيا۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویسیلی نیبنزیا نے اقوام متحدہ کو ایک قرارداد پیش کی جس کے مطابق مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں فوری طور پر جنگ بندی پر زور دیا گیا ہے۔