مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ امیر عبداللہیان نے اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران شام کے نائب وزیرخارجہ سے ملاقات کی اور شامی حکومت اور عوام کے لئے ایران کی حمایت کا عزم دہرایا۔
حسین امیر عبداللہیان نے اپنے دمشق کے سفر کے دوران شامی وزیراعظم اور وزیرخارجہ کے ساتھ تعمیری گفتگو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خوش قسمتی سے دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح پر ملاقات اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے شام میں پائدار امن کے قیام کے لئے تمام فریقوں کے تعاون کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شام کی خودمختاری کی حمایت ضروری ہے۔ ایران اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر ہمیشہ کی طرح شامی حکومت اور عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
اس موقع پر شامی نائب وزیرخارجہ بسام صباغ نے عبداللہیان کے ساتھ ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں میں دونوں ممالک کے درمیان ہماہنگی اور تعاون کا رشتہ موجود ہے۔ بدقسمتی سے بعض مغربی ممالک اپنے اہداف کی خاطر ان عالمی اداروں سے غلط استفادہ کرتے ہیں۔
انہوں نے امریکی پابندیوں کو شامی عوام کی مشکلات کی اہم ترین وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پابندیوں سے سب سے زیادہ شامی عوام متاثر ہوئے ہیں اگرچہ حکومت ان پابندیوں کے اثرات کو ختم کرنے کی کوششیں کرتی ہیں۔