صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر رئیسی کے دورہ نیویارک سے واپسی کے موقع پر ایرانی قوم کے لئے خوش خبری سنائی جائے گی جس سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوگا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر کے دفتر کے سوشل میڈیا پر عمومی روابط کے مسئول محمد مہدی رحیمی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر رئیسی کا نیویارک کا مختصر دورہ اپنے اختتام کو پہنچا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرنے کے علاوہ مختلف ممالک اور اداروں کے سربراہان اور مختلف شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے نتیجے میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جن کے بارے میں صدر کی تہران آمد کے موقع پر عوام کو خوش خبری سنائی جائے گی۔

یاد رہے کہ صدر رئیسی نے اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قرآن کریم اور اسلام کے خلاف جاری جنگ سے پردہ اٹھایا تھا۔ صدر کی جانب سے قرآن کریم کو ہاتھ میں اٹھاکر تکریم کے بعد پوری دنیا میں اس اقدام کو سراہا گیا تھا۔