ایرانی وزیرخارجہ نے پاکستانی وزیراعظم کے نمائندے برائے افغان امور سے ملاقات کے دوران تاکید کی کہ افغانستان میں درپیش چلینجز سے نمٹنے کے لئے علاقائی ممالک کا باہمی تعاون ضروری ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیرخارجہ امیر عبداللہیان نے پاکستانی وزیراعظم کے نمائندے برائے افغان امور آصف علی درانی سے ملاقات کی اور افغانستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق امیر عبداللہیان نے علاقے اور افغانستان کے مسائل حل کرنے میں ایران اور پاکستان کے کردار پر تاکید کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تبادلہ خیال اور بات چیت کے نتیجے میں افغانستان سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

اس موقع پر آصف علی درانی نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے حالات اور مسائل پر پاکستان اور ایران ایک دوسرے سے تعاون کرسکتے ہیں۔ پاکستان افغانستان میں صلح اور امن قائم کرنے کے لئے ایران کے کام کرنے کے لئے تیار ہے۔