مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نواب شاہ میں سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی سے پنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی 8 سے 10 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں جس کے باعث 20 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
حادثے کی اطلاع پر ایمبولینس و پولیس جائے حادثہ روانہ ہوگئی جبکہ حادثے کے بعد اَپ ٹریک دیگر ٹرینوں کے لیے معطل ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ڈی ایس ریلوے محمود الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس کو حادثہ سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا، حادثے کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوکوشیڈ روہڑی سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ روانہ ہو رہی ہے، حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹریفک معطل ہے، حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق ہزارہ ایکسپریس میں سوار مسافروں کو بوگیوں سے نکالنے کا کام جاری ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کنٹرول روم کے مطابق حیدرآباد، نواب شاہ، میرپور خاص، سکھر اور قریب کے سینٹروں سے ایدھی کی درجنوں گاڑیاں جائے وقوعہ پر روانہ کی ہیں ۔