مہر خبررساں ایجنسی کی روپورٹ کے مطابق، ایرانی فوج کے فضائی شعبے کے سربراہ امیر حمید واحدی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید بابائی ایئربیس پر جانثاران حریم ولایت کی گیارہویں فوجی مشقیں ہوں گی جس میں تمام متعلقہ شعبوں کے اہلکار شرکت کریں گے۔
انہوں نے فضائیہ کی مہارت میں اضافے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مشقوں میں فضائیہ کے جوان اپنے اساتذہ کے ہمراہ صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ مشقوں کے دوران 92 اقسام کے لڑاکا، بمبار اور ڈرون طیاروں کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کی جاسوسی اور فوٹو گرافی کے آپریشنز، فضائی اور زمینی اہداف کو تباہ کرنے، الیکٹرانک وارفیئر اور نئے تیار کردہ سسٹمز اور جدید آلات کا تجربہ کیا جائے گا۔
امیر واحدی نے مزید کہا کہ یہ مشقیں خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کی منظور شدہ مشقوں کا حصہ ہیں اور ان کا مقصد جنگی صلاحیت کو بہتر بنانے کے علاوہ مختلف اقسام کے طیاروں کو لڑائی کے لیے موزوں بنانا ہے۔ فضائیہ کی خود کفالت اور خود اعتمادی پر بھروسہ کرتے ہوئے منعقد ان مشقوں کے دوران نوجوان، باصلاحیت، ذہین اور تربیت یافتہ پائلٹس، تیکنیکی ماہرین اور دشمن کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے پرعزم سپاہی جنگی حکمت عملی اور مختلف قسم کے آپریشنز کے تجربات کو بروئے کار لائیں گے۔
امیر واحدی نے دوستی اور خطے میں امن کی برقراری کو ان مشقوں کا پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پائدار سلامتی، علاقائی استحکام، اچھی ہمسائیگی اور ملک کی فضائی سرحدوں کا دفاع مشق کے محور میں شامل ہیں۔ مسلح افواج کا فضائی شعبہ دیگر فوجی شعبوں کے ساتھ اور سپریم لیڈر کے حکم پر اسلامی ایران کی فضاؤں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ذمہ دار ہے۔