مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃالکوثر اسلام آباد میں عالمی مجلس اھل بیت علیہم السلام کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ رضا رمضانی کے اعزاز میں علماء کرام کا اجتماع ہوا، آیت اللہ رمضانی کے ہمراہ تشریف لانے والے مہمان علماء کرام کے علاوہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی، مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی، علامہ سید افتخار نقوی، علامہ شبیر حسن میثمی سمیت علماء کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ، بین الاقوامی شہرت یافتہ قارئ حسن مختاری نے تلاوت کی سعادت حاصل کی ، تلاوت کے بعد جامعۃالکوثر اسلام آباد کے بارے میں ایک مختصر ڈاکومنٹری دکھائی گئی ،اس کے بعد استاد جامعۃالکوثر علامہ انتصار حیدر جعفری صاحب نے محسن ملت کے زیر انتظام تعلیمی نظام کی ایک مختصر رپورٹ پیش کی جس میں اسوہ سکول سسٹم اور مدارس اھل بیت علیہم السلام کے بارے اعداد شمار پیش کئے گئے اور ان تعلیمی اداروں کی افادیت و خدمات کا جائزہ پیش کیا۔
آیت اللہ رضا رمضانی نے اپنے خطاب میں عید غدیر کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ غدیر کی اہمیت، غدیر کی نسبت ہماری ذمہ داریاں نیز غدیر، عاشورہ اور انتظار امام جیسے موضوعات پر بڑی مدلل اور خوبصورت گفتگو کی۔
اپنے خطاب کے آخر میں آیت اللہ رمضانی نے مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور دعائے امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشريف کی تلاوت کر کے اس اجتماع کو حسن اختتام تک پہنچایا۔