مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ منی پور حکومت نے کہا کہ اس نے ریاست میں انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کو پانچ دن تک بڑھا دیا ہے تاکہ نظم و نسق اور امن میں کسی بھی طرح کی خلل پیدا ہونے سے روکا جا سکے اس لئے اب انٹرنیٹ خدمات 10 جولائی کی سہ پہر 3 بجے تک معطل رہیں گی۔
ہوم کمشنر ٹی رنجیت سنگھ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا خدشہ ہے کہ کچھ سماج دشمن عناصر سوشل میڈیا کا بڑے پیمانے پر استعمال کرتے ہوئے تصاویر، نفرت انگیز تقاریر اورعوامی جذبات کو بھڑکانے والے ویڈیو پیغامات وائرل کر سکتے ہیں، جس کا نظم و نسق کی صورتحال پر شدید اثر پڑ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ ریاست منی پور میں میتئی اور کوکی برادریوں کے درمیان جھڑپوں میں تقریباً 120 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں اور 3000 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں ۔