مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ ملک بھر کے تمام صارفین گروپس کے لیے گیس ٹیرف میں 45 فیصد سے 50 فیصد تک اضافہ کرے تاکہ مالی سال 24-2023 میں دو گیس کمپنیوں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز (ایس این جی پی ایل) اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی ایل) کی آمدنی کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔
دونوں کمپنیوں کے ریونیو کی ضروریات کے بارے میں دو الگ الگ تعین کے مطابق اوگرا نے حکومت سے کہا کہ وہ یکم جولائی 2023 سے ایس این جی پی ایل کی اوسط فروخت کی شرح کو 50 فیصد یا 415 روپے فی یونٹ (ملین برٹش تھرمل یونٹ) سے بڑھا کر ایک ہزار 239 روپے فی یونٹ کرے۔