مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، اسلام آباد میں ایرانی سفارت خانے نے ایک بیان میں ہنگو کی تحصیل ٹل میں میانجی خیل کے مقام پر مول گیس کمپنی کے گیس کنویں کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر دہشت گردوں کی اندھا دھند فائرنگ میں چھے سیکورٹی اہلکاروں کے مارے جانے کی مذمت کی ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا سفارت خانہ اس دہشت گردانہ حملے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتا ہے اور جاں بحق والوں کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل خیبر پختونخوا میں افغان سرحد کے قریب واقع ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں ایف سی کے چار اور نجی کمپنی کے دو سیکورٹی اہلکار مارے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق تقریباً پچاس عسکریت پسندوں نے مول پاکستان آئل اینڈ گیس کمپنی کے پلانٹ پر حملہ کیا۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی ٹل سے بھاری نفری موقع پر پہنچی تاہم دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔