مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی مقاومتی تحریک کے سیکریٹری جنرل نے حیا ویب سائٹ واشنگٹن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اب تک صرف تحریک جہاد اسلامی نے حملوں میں حصہ لیا ہے لیکن مستقبل میں صہیونی حکومت کی جارحانہ کاروائیاں جاری رہیں تو جوابی کاروائی میں صرف جہاد اسلامی نہیں بلکہ حماس اور حزب اللہ سمیت تمام مقاومتی تنظیمیں مل کر صہیونی حکومت کے خلاف کاروائی کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کو اس بات کا اندازہ ہے کہ فلسطین کے خلاف مزید جارحیت کی صورت میں حزب اللہ اور حماس بھی میدان جنگ میں وارد ہوں گی اسی لئے صہیونی حکومت مزید کاروائی کرنے سے گھبرا رہی ہے۔
انہوں نے صہیونی جیل میں شہید ہونے والے مجاہد کمانڈر خضر عدنان کی شہادت کا اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے جیل کے اندر ان کو شہید کردیا ہے۔ اگر مزید کسی کمانڈر پر حملہ ہوا تو ہم تل ابیب پر براہ راست حملہ کریں گے۔
انہوں نے نئی مقاومتی جماعت عرین الاسد کے بارے میں کہا کہ اس تنظیم کو تمام فلسطینی عوام اور مقاومتی تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔