مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ان ایام کو عشرۂ کرامت؛ یعنی کرامتوں کا عشرہ، اس لئے کہا جاتا ہے کیونکہ یکم ذیقعدہ حضرت فاطمه معصومه سلام اللہ علیہا اور چھٹی ذیقعدہ کو آپ کے بھائی احمد بن موسی شاہچراغ علیہ السلام دنیا میں آئے جن کا حرم شیراز میں واقع ہے، جبکہ گیارہ ذیقعدہ کو آپ کے بھائی، فرزند رسول حجت خدا حضرت امام رضا علیہ السلام کی ولادتِ باسعادت کا دن ہے۔
خاندان اہلبیت علیہم السلام کی ان گرانقدر ہستیوں کی ولادتِ باسعادت کی مناسبت سے ایران کے مختلف شہروں خاص طور پر قم المقدسہ، شیراز اور مشہد مقدس میں نجی و سرکاری عمارتوں، امام بارگاہوں اور مسجدوں نیز مذہبی مقامات پر چراغاں کیا جاتا ہے جبکہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور اہل بیت علیہم السّلام کے پیروکار و عقیدت مند مختلف طریقوں سے خوشی اور مسرت کا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ انقلابِ اسلامی کے بعد یکم ذیقعدہ، یعنی یوم ولادتِ حضرت معصومه قم سلام اللہ علیہا کو یومِ دختر یعنی بیٹیوں کے دن کے عنوان سے منایا جاتا ہے اور والدین اپنی بیٹیوں اور لڑکیوں پر خاص توجہ دیتے ہیں اور اسلام میں ان کے مقام و مرتبے کے پیش نظر ان کی ذات اور شخصیت کی خصوصی طور پر قدردانی کی جاتی اور انہیں قیمتی تحفے اور تحائف سے نوازا جاتا ہے۔