ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے عمان میں ایران کے سفیر علی نجفی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کے دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، میجر جنرل محمد باقری نے فوجی، دفاعی اور سیاسی تعاون کو مضبوط اور فروغ دینے کے لئے ایک اعلی ٰ سطحی فوجی وفد کے ساتھ عمان کا دورہ کیا اور مسقط میں ایرانی سفارت خانے کے عملے سے ملاقات کی اور کہا کہ بلاشبہ مختلف جہتوں میں سفارتی کامیابیاں ہمارے سفارتی عملے کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں جس سے اسلامی جمہوریہ ایران کی شناخت اور سفارتی میدان میں کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اور دفاعی سفارتکاری کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ہے۔ علاقائی ممالک کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتی تعلقات تمام ممالک کے لئے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دفاعی سفارتکاری خطے کے ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے علاوہ مختلف شعبوں میں اپنی موجودگی کے اظہار کا ذریعہ ہے۔

میجر جنرل باقری نے کہا کہ آج علاقائی سلامتی کا دارومدار مشترکہ مفادات، اجتماعی سلامتی اور علاقائی بنیاد پر خطے کے ممالک کے درمیان تعمیری تعاون اور دوستانہ تعلقات پر ہے جو بیرونی ملک کی موجودگی اور مداخلت کے بغیر حاصل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج سپریم کمانڈر ان چیف کے دانشمندانہ اقدامات اور شہداء کے خون کی بدولت اور مقامی ماہرین اور سائنسدانوں کی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج دفاع کے تمام شعبوں میں فعال ہیں۔