شمالی وزیرستان کے علاقے دیردونی میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6 سپاہی جانبحق ہو گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو مؤثر جواب دیا اور مقابلے میں 3 دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والوں میں حوالدار سلیم خان، نائیک جاوید اقبال، سپاہی نذیر خان، سپاہی حضرت بلال، سپاہی سید رجب حسین اور سپاہی بسم اللّٰہ جان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ 26 سالہ شہید سپاہی نذیر کا تعلق بنوں اور 25 سالہ سپاہی حضرت بلال کا تعلق مردان سے ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ 22سالہ سپاہی سید رجب حسین کا تعلق اورکزئی ،22سالہ سپاہی بسم اللّٰہ جان کا تعلق خیبر سے ہے۔

اس کے علاوہ شہداء میں ٹانک کے 36 سالہ حوالدار سلیم خان اور کوہاٹ کے 37 سالہ نائیک جاوید اقبال شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے علاقے کی کلیرنس جاری ہے۔