مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ناصر کنعانی نے ایرانی عدالت کی جانب سے ایک دہشت گرد کو سزا سنانے کے فیصلے پر جرمنی کے اعترضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جرمن حکام کا رویہ عدالتی کاروائی کی حوصلہ شکنی کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر دہشت گردوں کی حمایت کے زمرے میں آتا ہے۔ امید ہے کہ جرمن حکام اپنی زمہ داری کا احساس کرتے ہوئے غیر ذمہ دارانہ رویہ ترک کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کے خلاف کاروائی کا دم بھرنے والے اگر اس عفریت کے خلاف ایران کی کوششوں کی حمایت نہ کریں تو معصوم بچوں کے قتل میں ملوث شرپسند عناصر کی حوصلہ افزائی بھی نہ کریں۔ ایرانی عوام کو جرمنی سے توقع ہے کہ شیراز میں دہشت گردانہ کاروائی میں دو بچوں سمیت کئی افراد کے قتل میں ملوث مجرمان کے خلاف اب تک ہونے والی کاروائی سے آگاہ کرے گا۔ معصوم بچوں کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے بجائے بہانے پیش کرنا حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے اس کا مدافع کیسے بن سکتے ہیں۔
انہوں نے جرمنی کے بعض اعلی حکام کی جانب سے دہشت گردی میں ملوث افراد کو سزا سنانے کے فیصلے پر اعتراض کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایران کسی سے اجازت طلب نہیں کرے۔ جرمن حکام کا اعتراض دہشت گردی کی حمایت اور ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے جو کسی بھی طور پر قبول نہیں۔ جرمن حکومت کو چاہئے کہ ایران کی خودمختاری کا احترام کرنے کے ساتھ برابری کی بنیاد پر سلوک کرے۔