مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ خالصتان کے حامی امرت پال سنگھ کو آج موگا ضلع میں گرفتار کرلیا گیا ۔ امرت پال پر این ایس اے لگاتے ہوئے اسے آسام کی ڈبرو گڑھ جیل بھیجنے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔ پنجاب پولیس اور انٹیلی جنس بیورو کی مشترکہ کارروائی میں امرت پال گرفتار ہوا ہے۔ امرت پال گذشتہ کئی دنوں سے مفرور تھا ۔ جبکہ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود گرفتاری دی۔
پنجاب پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے امرت پال کو پکڑنے کے لیے پورے ملک میں نیپال کی سرحد تک آپریشن کیا۔
پنجاب پولیس نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ امرت پال سنگھ کو آج موگا ضلع سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے شہریوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی فرضی خبریں شیئر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ 18 مارچ سے امرت پال سنگھ مفرور تھا۔ پولیس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق امرت پال تین چار دن پہلے موگا پہنچا تھا۔ 28 مارچ کو ہوشیار پور سے فرار ہونے والے امرت پال نے تب سے کئی مقامات پر اپنا ٹھکانہ بدل لیا تھا۔ امرت پال سنگھ 'وارس پنجاب دے' تنظیم کے سربراہ ہیں۔ وہ الگ ملک خالصتان کا مطالبہ کر رہا ہے۔ وہ چند روز قبل دبئی سے واپس آیا تھا۔ وارث پنجاب دے نامی تنظیم کو پنجابی اداکار دیپ سدھو نے بنایا تھا۔