مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن ہوگا، عمران خان ہار جائیں گے پھر روئیں گے، الیکشن کو نہیں مانیں گے اور کہیں گے کہ شہباز، نواز، مریم، محسن نقوی اور رانا ثنا نے ہروایا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ راولپنڈی میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چیف جسٹس تب جذباتی نہیں ہوئے جب مجھے کوٹ لکھپت جیل میں رکھا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ عدالت میں الیکشن کیس چل رہا تھا تو دیکھا چیف جسٹس صاحب جذباتی ہوگئے، چیف جسٹس صاحب آپ کو اس وقت بھی جذباتی ہونا چاہیے تھا جب اقامہ رکھنے پر وزیراعظم کو نکالا گیا، اس وقت جذباتی ہونا تھا جب باپ کا ساتھ، اصول کا ساتھ دینے پر بہوؤں، بیٹیوں کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تب آپ جذباتی نہیں ہوئے، پوری ن لیگ کو سچ بولنے پر اور جمہوریت کی بات پر نااہل کیا گیا یا کہا گیا تحریک انصاف کو جوائن کرو۔

مریم نواز نے کہا کہ تب جذباتی نہیں ہوئے جب 3 سے 4 مہینے مجھے کوٹ لکھپت جیل میں رکھا، وہ ریفرنس آج تک فائل نہیں ہوا۔