امریکہ میں تعلیمی اداروں میں بڑھتے ہوئے فائرنگ کے واقعات پر اسکولوں میں بُلٹ پروف کمرے بنانا شروع کر دیے گئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا سے نقل کیاہےکہ امریکی ریاست الاباما کے ایک اسکول کے کمروں کو بُلٹ پروف کردیا گیا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے جس کا مقصد کسی بھی ممکنہ حملے سے بچوں کی جانوں کو بچانا ہے۔کلاس کی دیواروں کو اس طرح بُلٹ پروف کیا گیا ہے کہ معمول کے حالات میں وہ وائٹ بورڈ کی طرح لگتی ہیں لیکن حملے کی صورت میں صرف 10 سیکنڈ میں حفاظتی دیوار میں تبدیل ہوسکتی ہیں۔

الاباما اسکول کے دو کمروں میں تعمیر کی گئی ان بُلٹ پروف دیواروں پر 60 ہزار ڈالر کا خرچہ آیا ہے جس میں مانیٹرنگ کے لیے حساس اور مہنگے کیمرے بھی شامل ہیں۔

امریکا میں اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے گزشتپ پانچ برسوں میں ایسے واقعات میں 100 سے زائد طلبا اور اساتذہ ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

پانچ سال قبل ہی فروری 2018 میں ریاست فلوریڈا کے اسکول میں 19 سالہ سابق طالب علم نے بیدخل کیے جانے پر غصے میں اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس میں 17 طلبا اور اساتذہ ہلاک ہوگئے تھے۔