چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری ہونے پر اسلام آباد پولیس کی ٹیم ایک بار پھر عمران خان کو گرفتار کرنے لاہور پہنچ گئی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری ہونے پر اسلام آباد پولیس کی ٹیم ایک بار پھر عمران خان کو گرفتار کرنے لاہور پہنچ گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم خصوصی ہیلی کاپٹر پر عمران خان کے وارنٹِ گرفتاری لے کر لاہور پہنچی ہے۔

اسلام آباد پولیس ٹیم نے اس حوالے سے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی اضافی نفری درکار ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری عدالتی حکم پر ہو گی۔

عمران خان کی قیادت میں ریلی روانہ

دوسری جانب لاہور میں عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی زمان پارک سے روانہ ہوگئی ہے۔

عمران خان اپنی بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھے ہوئے ریلی کی قیادت کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلی میں عمران خان کو گرفتار کرنا اسلام آباد پولیس کے لیے بے حد مشکل ہو گا۔

عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ

واضح رہے کہ خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست خارج کر دی اور انہیں 29 مارچ تک گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان کی بریت کی درخواست پر دلائل کے لیے آئندہ سماعت پر فریقین کو نوٹسز بھی جاری کر دیے۔

عدالت کی جانب سے اس کیس میں فیصلہ آج ہی محفوظ کیا گیا تھا جو کچھ دیر بعد سنایا گیا۔