مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عظیم انقلابی ترانہ سلام فرماندہ جو رسول اللہ (ص) کے جانشین اور خداوندعالم کی آخری حجت حضرت امام مہدی (عج) سے ایک تجدید عہد ہے، کی صدائیں دنیا بھر میں عالمی استعمار و استکباری قوتوں کو للکار رہی ہیں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر میں بھی عاشقان امام مہدی اپنی اپنی زبانوں میں امام وقت امام مہدیؑ سے تجدید عہد کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں انچولی سوسائٹی کراچی میں مسجد و امام بارگاہ شہدائے کربلا شبیہ بین الحرمین میں جشن ولادت باسعادت امام زمانہ حضرت امام مہدی (عج) کی مناسبت سے تجدید عہد باامام زمان ’’سلام فرماندہ‘‘ کے عنوان سے کمسن عاشقان امام مہدی علیہ السلام کا عظیم الشان اجتماع منعقد کیا گیا۔
سلام فرماندہ اجتماع کا انعقاد خیرالعمل ٹرسٹ کے زیر اہتمام مکتب امام زمانہ کے تعاون سے کیا گیا۔ جس میں کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے بچوں اور بچیوں نے اپنے والدین کے ہمراہ ترانہ سلام فرماندہ پڑھتے ہوئے امام وقت حضرت امام مہدی علیہ السلام سے تجدید عہد وفا کیا۔ عظیم الشان اجتماع میں جوق در جوق بچوں اور بچیوں کی آمد اک دلفریب منظر تھا۔
بچوں بچیوں اور انکے والدین کی امام زمانہ (عج) سے محبت ان کے چہروں سے عیاں تھی۔ سلام فرماندہ اجتماع میں بچوں نے پاکستانی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے، جبکہ بچوں نے شہید سردار قاسم سلیمانیؒ سے اظہار محبت کرتے ہوئے ان کی تصاویر بھی اٹھائی ہوئی تھیں۔ ’’سلام فرماندہ‘‘ اجتماع کے موقع پر علامہ سید رضی جعفر نقوی، علامہ سید عروج زیدی، ذاکر اہلبیت علامہ سید فرقان حیدر عابدی و دیگر نے شرکاء سے خطاب کیا۔ بے شک اس ترانے میں امام مہدی (عج) سے تجدید عہد کا کچھ الگ ہی رنگ ہے، اس ہی لئے عالمی استعمار امریکا و اسرائیل اور پاکستان میں موجود ان کے آلہ کار اس ترانے سلام فرماندہ سے بیزار ہے، اس ترانے نے وقت کے یزید امریکا اور اسکے حواریوں کو للکارا ہے اور حجتِ خدا حضرت امام مہدی (عج) کے لشکر کی آمادگی کا اظہار کیا ہے۔