مہر خبررساں ایجنسی نے بی بی سی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہیمبرگ شہر میں Jehovah's Witnesses یا شاہدان یہوہ گروہ کی ایک عبادتگاہ (چرچ) کے اندر یہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔
جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے بھی کئی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔جرمن پولیس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اس وقت شہر کے آلسترڈورف علاقے میں وسیع آپریشن جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے پیش آیا جس میں شاہدان یہوہ نامی عیسائی گروہ کے ایک مذہبی مقام کے اندر ایک شخص نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ بیلد نامی جرمن اخبار نے زخمیوں کی تعداد پچیس بتائی ہے۔
عبادتگاہ کے قریب کی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی کہ وہ چرچ کے قریب نہ جائیں۔
واضح رہے کہ جرمنی کے اس طرح سے فائرن کے واقعات شاذو نادر ہی رونما ہوتے ہیں تاہم گزشتہ دس دنوں کے دوران یہ ملک میں رونما والا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی ملک کے ایک مغربی علاقے برامش میں اک اسکول کے پاس فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔