چیئرمین تحریک انصاف عمران خان انسداد دہشت گردی اور بینکنگ کورٹ میں پیش ہوگئے، ممنوعہ فنڈنگ کیس اور دیگر مقدمات میں ان کی عبوری ضمانتیں منظور کرلی گئیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ عمران خان بذریعہ موٹروے اسلام آباد پہنچے۔ کارکنان نے موٹرے وے انٹرچینج پر عمران خان کا استقبال کیا اور قافلے کی صورت میں جوڈیشل کمپلیکس جی الیون پہنچے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں قائم انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوگئے جس کے بعد انہیں دوسرے کیس میں بینکنگ کورٹ کی خاتون جج کمرہ عدالت میں طلب کرلیا۔

جوڈیشل کمپلیکس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت گراونڈ فلور جبکہ بینکنگ کورٹ سیکنڈ فلور پر ہے۔ عمران خان بینکنگ کورٹ پہنچے جہاں ان کی بینکنگ کورٹ آمد سے قبل کمرہ عدالت میں شدید شور شرابا ہوا۔

بینکنگ کورٹ کی خاتون جج رخشندہ شاہین نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا اور ان کی ضمانت منظور کرلی۔

عمران خان کی عدالتوں میں پیشی کے موقع پر ہزاروں کارکنان عدالت کے باہر جمع ہوگئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر سخت سیکیورٹی کے اقدامات کیے گئے۔ عدالتوں کے باہر اسلام آباد اور پنڈی سمیت خیبر پختون خوا سے بھی کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچی۔

 ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پہلے ہی دو ملزمان کی ضمانت ہوچکی ہے اس لیے قانونی طور پر عمران خان کی عبوری ضمانت بھی ہونی تھی ان کی اس کیس میں گرفتاری اس وقت نہیں بنتی۔