مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے منگل کی سہ پہر شام کے صدر بشار اسد کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کی اور حالیہ زلزلے کے حوالے سے ایرانی حکومت اور قوم کی جانب سے شامی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ مشکل وقت میں شامی عوام اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور موجودہ صورتحال میں بھی شام کے زلزلہ زدگان کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات اور انسانی اصولوں کو دیکھتے ہوئے ایران اس قدرتی آفت کے نتائج کو کم کرنے کے لیے جو بھی ضروری ہوگا وہ کرے گا۔
شام کے صدر بشار الاسد نے انسانی امداد بھیجنے اور امدادی کارروائیوں میں شامی حکومت کی مدد کرنے پر ایران کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ شام میں گزشتہ 250 سالوں میں یہ پہلا زلزلہ تھا، ہم زلزلہ زدگان کو بہتر امداد فراہم کرنے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کے تجربات اور صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔
در ایں اثنا ایرانی صدر نے بھی بشار الاسد کی اس درخواست سے اتفاق کرتے ہوئے اپنے ملک کے تجربات اور صلاحیتوں کو زلزلوں سمیت قدرتی آفات میں امداد فراہم کرنے کے لئے استعمال کرنے اور ایک تکنیکی ٹیم بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی۔